کانگریس کے ذریعہ شیئر کردہ ’نیوز لانڈری‘ کی ویڈیو رپورٹ میں اینکر بتاتا ہے کہ واسودیو گھاٹ میں جمنا کے بغل میں ہی ایک تالاب بنا دیا گیا ہے۔ یہ تالاب کہیں سے بھی جمنا سے ملا ہوا نہیں ہے۔


i
’’ماں جمنا کی صفائی پر بی جے پی حکومت نے صاف جھوٹ بولا ہے۔ بی جے پی کے اس جھوٹ کو کئی میڈیا چینلوں نے آگے بڑھایا۔ بی جے پی عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔‘‘ یہ بیان کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ’نیوز لانڈری‘ کی ایک ویڈیو رپورٹ شیئر کرتے ہوئے دیا ہے۔ اس ویڈیو رپورٹ میں بی جے پی پر دہلی میں ’نقلی جمنا‘ بنانے اور چھٹھ پوجا کرنے والوں کو دھوکہ دینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کانگریس بی جے پی پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔
کانگریس کے ذریعہ شیئر کردہ ’نیوز لانڈری‘ کی ویڈیو رپورٹ میں اینکر بتاتا ہے کہ واسودیو گھاٹ میں جمنا کے بغل میں ہی ایک تالاب بنا دیا گیا ہے۔ یہ تالاب کہیں سے بھی جمنا سے ملا ہوا نہیں ہے۔ یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ جمنا کا پانی یہاں پر انتہائی گندہ ہے، اس لیے حکومت نے چھٹھ منانے والوں کو غسل کرنے کے لیے الگ سے تالاب بنا دیا ہے جو کہ جمنا ندی سے بالکل الگ ہے۔ یعنی جمنا کا پانی اس تالاب میں نہیں آ رہا۔ اس ویڈیو رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز مشہور صحافی سدھیر چودھری دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا اِسی تالاب کے پاس انٹرویو لے رہے تھے، جس میں جمنا کی صفائی پر گفتگو ہو رہی تھی۔ سدھیر چودھری اسی تالاب کے پانی کو ہاتھوں میں لے کر کہہ رہے تھے کہ یہ بہت صاف لگ رہا ہے اور نہانے لائق معلوم پڑ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بھی کہتی ہیں کہ پانی بہت صاف اور غسل کرنے لائق ہے۔ لیکن دونوں ہی یہ نہیں بتاتے ہیں کہ یہ پانی تالاب کا ہے، جمنا کا پانی نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
