عالمی کپ 2023: روہت شرما نے افغانستان کے خلاف لگائی طوفانی سنچری، بنائے کئی ریکارڈس

[]

روہت شرما نے 63 گیندوں پر سنچری لگا کر عالمی کپ میں ہندوستان کی طرف سے تیز ترین سنچری کا کپل دیو کا ریکارڈ توڑ دیا، کپل دیو نے 1983 کے عالمی کپ میں 72 گیندوں پر سنچری لگائی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

روہت شرما، تصویر@BCCI

user

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آج افغانستان کے خلاف طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ انھوں نے پہلے تو 2 چھکے اور 7 چوکے کی مدد سے 30 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی، اور پھر 63 گیندوں میں طوفانی انداز کے ساتھ اپنے 100 رن مکمل کیے۔ اس دوران انھوں نے 4 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔ سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ہی روہت شرما عالمی کپ میں سب سے زیادہ 7 سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انھوں نے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑا جنھوں نے عالمی کپ میں 6 سنچری لگائی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سچن تندولکر نے جہاں 6 سنچری بنانے کے لیے 40 سے زیادہ اننگ کا استعمال کیا تھا، وہیں روہت شرما نے محض 19ویں اننگ میں ہی یہ کارنامہ انجام دے دیا۔

روہت شرما نے سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ایک اور اہم ریکارڈ کپل دیو کا توڑا۔ دراصل روہت شرما عالمی کپ میں ہندوستان کے لیے سب سے تیز ترین سنچری (63 گیندوں پر) بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ روہت شرما سے پہلے 1983 میں کپل دیو نے 72 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔ یعنی تقریباً 40 سال بعد کپل دیو کا ریکارڈ روہت شرما نے توڑ دیا۔ اتنا ہی نہیں، روہت شرما نے بین الاقوامی کرکٹ میں کرس گیل کے سب سے زیادہ چھکا لگانے کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ روہت کی اس طوفانی اننگ کو راشد خان نے اپنی ایک گگلی گیند پر ختم کیا جب وہ سوئپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے سے پہلے انھوں نے 84 گیندوں پر 5 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے شاندار 131 رن بنائے۔

واضح رہے کہ آج افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ افغانستان نے 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 272 رن بنا لیے۔ یعنی ہندوستان کو جیت کے لیے 273 رنوں کا ہدف ملا ہے۔ ہندوستان نے شروع کے 10 اوورس میں ہی بغیر کوئی وکٹ گنوائے 94 رن بنا لیے تھے۔ بعد کے اوورس میں ایشان کشن 47 گیندوں پر 47 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور روہت شرما 131 رن پر پویلین لوٹے۔ 26 اوورس تک ہندوستان کا اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 207 رن پہنچ گیا، یعنی ہندوستان ایک آسان جیت کی طرف گامزن ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *