[]
بیوہاری(مدھیہ پردیش): کانگریس قائد راہول گاندھی نے منگل کے دن ذات پات پر مبنی مردم شماری کو ملک کا ”ایکسرے“ قراردیا جس سے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)‘ دلتوں اور قبائلیوں کی حالت پر روشنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس مشق کے لئے مرکز کو مجبور کردے گی چاہے جو ہوجائے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ اس مسئلہ پر کچھ بھی نہیں کہہ رہے ہیں۔
راہول گاندھی نے کہا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں ہماری حکومتوں نے اس کی پہل کردی ہے۔ وہ ریاستی اسمبلی الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے ایک دن بعد مدھیہ پردیش کے ضلع شہدول میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری‘ ملک کا ایکسرے ہے۔ ملک کے قبائلی‘ دلت اور او بی سی زخمی ہیں‘ ان کا معائنہ کرتے ہیں‘ تصویر واضح ہوجائے گی۔
ہم وزیراعظم نریندر مودی کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ کانگریس دور کی ذات پات پر مبنی مردم شماری کے اعدادوشمار جاری کریں لیکن اس کے بجائے وہ پاکستان‘ افغانستان اور جنوب کی بات کرنے لگتے ہیں۔