ریاگنگ کے الزام میں کے ایم سی کالج کے 7 طلباء کے خلاف کیس درج

[]

ورنگل: سٹی پولیس ورنگل نے یہاں گورنمنٹ کاکتیہ میڈیکل کالج کے 7 ایم بی بی ایس طلباء کے خلاف کیس درج کرلیاہے جن پر ایک جونیر طالب علم کی ریاگنگ کرنے اور اسے زدو کوب کرنے کاالزام ہے۔

سینرس‘میڈیکل کے سال سوم کے طالب علم بتائے گئے ہیں جبکہ جونیر‘ سال دوم میں زیر تعلیم ہے۔ یہ واقعہ 14 ستمبر کو پیش آیا۔ طالب علم کی شکایت کی بنیاد پر یہ کیس درج کیاگیا۔ ایک ماہ کے اندر اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

تقریباً ایک ہفتہ قبل ریاگنگ کے الزام میں گاندھی میڈیکل کالج کے 10 طلباء کو ایک سال کے لیے معطل کردیا گیا۔ مٹھواڑہ پولیس کے انسپکٹر این وینکٹیشورلو نے پیر کے روز بتایا کہ ریاگنگ میں ملوث طلباء کو نوٹسیں جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال دوم کے ایک طالب علم کو جو راجستھان کا متوطن بتایاگیاہے‘ سینئرس نے پانی لانے کو کہا مگر انکار کے بعد اس پر حملہ کیاگیا۔ سینئرس نے مبینہ طور پر جونیر کے روم میں داخل ہوئے اور اسے مارا پیٹا۔

انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کے 7 طلباء کے خلاف آئی پی سی کی متعلقہ دفعات اور پروہبیشن ریاگنگ ایکٹ بابتہ 1997 کے تحت کیس درج کرلیاگیا۔

ربط پیدا کرنے پر کے ایم سی کے پرنسپل ڈاکٹر ڈی موہن داس نے کہاکہ کالج کی اینٹی ریاگنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوگا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل اور کارروائی پر غور و خوض کیاجائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *