[]
حیدرآباد: نظام دکن آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں بہادر انضمام دکن ہند یونین کے بعد پہلے راج پرمکھ ہندوستانی حکومت کی طرف سے تھے۔ آر ایس ایس بی جے پی کا دعویٰ کہ یہ آزادی کا دن 17ستمبر ہے بالکل غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
دوسری اہم بات ہندوستان کی چین سے جنگ کے موقع پر کئی ٹن سونا میر عثمان علی خاں نے ہندوستانی فوج کی مدد کے لئے چندہ میں دی تھی۔ بی جے پی جھوٹ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لئے غلط پروپیگنڈہ کرتی ہے۔
ان خیالات کااظہار آج مسجد جودی کنگ کوٹھی میں جناب مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے پولیس ایکشن اور یادِ نظام دکن کے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تحریک مسلم شبان کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی پولیس ایکشن اور یاد نظام دکن منایا گیا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ آج کا دن شہدائے پولیس ایکشن کو یاد کرنے کا اور آصف سابع عثمان علی خاں کے سنہری دور کو یاد کرنے کا ہے۔
ریاست حیدرآباد دکن تلنگانہ، مہاراشٹرا، کرناٹک کے اضلاع پر مشتمل تھا۔ 13ستمبر سے 17ستمبر 1948 ء کو اسی ریاست میں قتل و خون کا بازار گرم کیا گیا جو ریاست ہندو اور مسلمانوں کے اتحاد کی عظیم مظہر تھی مگر آریہ سماجیوں اور ہندومہاسبھا نے نفرت کا زہر گھول دیا۔
ہزاروں خواتین کی عصمت ریزی ہوئی، عورتیں عصمتیں بچانے باولیوں میں کود کر اپنی جانیں دے دیں، جاگیریں ختم ہوگئیں۔ 17ستمبر مسلمانوں کی تہذیب، تمدن، معیشت، خودی کے خاتمہ کا دن تھا۔ محترم سید خلیل اللہ حسینی ؒ، مولانا غوث خاموشیؒ، مولانا سلیمان سکندر جیسی عظیم شخصیتوں نے اجڑے ہوئے اس قافلہ میں حوصلہ پیدا کیا۔
ہندوستان میں ان کی تعلیمی، سماجی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم مسلمانوں میں پیدا کیا اور آج مسلمان پورے آب و تاب کے ساتھ زندہ ہیں اور جدوجہد کررہے ہیں۔ کچھ لوگ جو رضاکاروں کے ذریعہ اپنی سیاسی طاقت بنائے وہ آج خوف پیدا کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں رضاکار چلے گئے وفادار ہندوستان میں رہ گئے۔
یہ تاریخ کو مسخ کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہماری تاریخ عظیم تھی، عظیم رہے گی۔ ہم کو اپنی آنے والی نسلوں تک تاریخ کی سچائی کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
جلسہ کا آغاز حافظ و قاری خالد علی خاں کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب ایم غفار، جناب عبدالحق قمر نائب صدور شبان، جناب محمد شکیل ایڈوکیٹ، صدر انڈین یونین مسلم لیگ تلنگانہ، جناب عارف قادری، جناب سید سمیع، جناب سید عمران، جناب محمد محبوب، جناب مجاہد مشتاق سٹی کنوینر شبان، جناب سید عبدالرحیم، جناب مظہر علی بیگ و کئی کارکنان شبان و معززین موجود تھے۔ آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی مزار پر چادر گل پیش کی گئی اور فاتحہ خوانی ہوئی۔ شہدائے پولیس ایکشن کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔