
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان سیاسی مذاکرات کا ساتواں اجلاس دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرلز کی سطح پر سیئول میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل علی اصغر محمدی اور جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے مشرق وسطی کے امور کے ڈائریکٹر جنرل چانگ کوانگ یونگ نے شرکت کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے اقتصادی،سائنسی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون، ثقافتی تبادلوں اور بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام نے سیاسی مشاورت جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات میں توسیع کے لیے طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے اپنے کوریائی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے علاوہ جنوبی کوریا کے مفکرین اور سیاسی ماہرین کے ایک گروپ کے ساتھ علاقائی ترقی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
