[]
حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت و صدر تلنگانہ بی جے پی کشن ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ لبریشن ڈے کے حصہ کے طور پر جمعہ کے روز ایک بائیک ریالی نکالی گئی‘ کشن ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین اور کارکنوں کے ساتھ ریالی نکالی جس کا آغاز پریڈ گراونڈ سکندرآباد سے ہوا جہاں تلنگانہ میں بی جے پی انتخابی مہم کے انچارج پرکاش جاؤڈیکر نے سکندرآباد تا پرکال ضلع ورنگل نکالی گئی بائیک ریالی کو جھنڈی دکھائی۔
پارٹی پرچم تھامے اور نعرے لگاتے ہوئے شرکائے ریالی پرکال کے لئے روانہ ہوگئے۔ 300 کیلومیٹر کی مسافت کی تکمیل کے بعد یہ بائیک ریالی‘ جلسہ عام میں تبدیل ہوجائے گی۔
بی جے پی کا ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ ہرسال 17 ستمبر کو تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام کرے اور نصابی کتب میں شہیدان تلنگانہ کے اسباق شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ان شہیدوں کی یادگاریں تعمیر کرائے‘ مرکزی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کو سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر منعقد شدنی ایک اہم پروگرام میں امیت شاہ شرکت کریں گے جہاں وہ مرکزی پولیس فورس کے پریڈ کی سلامی لیں گے۔
حکمراں جماعت بی آر ایس‘17 ستمبر کو قومی یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ اتوار کے روز شہر حیدرآباد میں منعقد شدنی مرکزی پروگرام میں شرکت کریں گے اور ترنگا لہرائیں گے۔
ریاست بھر میں قومی یکجہتی دن منایا جائے گا۔ اضلاع میں وزراء قومی پرچم لہرائیں گے۔ 17 ستمبر 1948کو سابق ریاست حیدرآباد کو انڈین یونین میں ضم کیاگیا۔