[]
پا ل گھر: ایک سنسنی خیز جرم میں نائیگاؤں کی پولیس نے ایک نیپالی خاتون کے مبینہ قتل اور اس کی لاش کو سوٹ کیس میں ٹھونس کر گجرات کے ولساڈ کے قریب سمندر میں پھینکنے پر پال گھر سے ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا۔
مقتولہ نینا آر مہات عمر28سال آٹھ سال قبل نیپال سے یہاں آئی تھی اور تفریحی صنعت میں میک اپ اور ہیراسٹائلسٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔
اصل ملزم منوہر شکلا (34) پیشہ سے ڈیزائنر اور نینا کے ساتھ بغیر شادی کے مقیم تھا۔ اس کی بیوی پورنیما شکلا پر اعانت جرم کا الزام عائد کیا گیا۔ تحقیقاتی عہدیدار منگیش اندھارے نے یہ بات کہی۔
مقتولہ کی بہن کی شکایت پر شکلا جوڑا کے خلاف قتل، سازش، ثبوت مٹانے و دیگر دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا۔ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں 16/ ستمبر تک پولیس تحویل میں دے دیا۔
پال گھر پولیس نینا کی لاش کی مزید تفصیلات کے لیے پاردی پولیس سے رابطے میں ہے۔ تحقیقات کے مطابق یہ واردات 9/ اگست کو اس وقت پیش آئی جب منوہر شکلا اور نینا کے بیچ نائیگاؤں میں سن ٹیک کامپلکس میں واقع ان کے مکان پر زبردست جھگڑا ہوگیا۔
نینا نے اس پر اس کے ساتھ تعلقات کے باوجود پورنیما سے شادی کرنے کا الزام عائد کیا اور اس سے شادی کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر خودکشی کرنے کی دھمکی دی۔ برہم شکلا اسے باتھ روم تک گھسیٹ کر لے گیا اور اس کا سر پانی کی بکیٹ میں ڈبوکر اس کی جان لے لی اور پھرفلیٹ سے روانہ ہوگیا۔
اسی شام وہ اپنی بیوی پورنیما اور دو سالہ بیٹی کے ساتھ فلیٹ واپس آیا۔ اس جوڑے نے نینا کی لاش کو ٹرالی بیاگ میں ٹھونسا اور پھر وہاں سے 125کلومیٹر دور ولساڈ میں لاش کو سمندر میں پھینک کر اگلی صبح گھر واپس ہوگئے۔
اس اثناء مقتولہ کی بہن جیا اس سے رابطہ کی کوشش کررہی تھی مگر نینا کا فون بند تھا اور سوشل میڈیا سے بھی وہ غائب ہوگئی تھی جس کے بعد اس نے 14/ اگست کو نائیگاؤں پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس نے کہا کہ گرفتار جوڑے نے اعتراف جرم لیا۔ دریں اثناء نینا کی لاش انتہائی مسخ شدہ حالت میں ولساڈ میں دستیاب ہوئی۔