
جامعہ دارالہدیٰ,وادیِ ہدیٰ میں 10 روزہ اساتذہ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ ۔ ماہرِ تعلیم جناب حمید احساس و دیگر کا خطاب
جامعہ دارالہدیٰ وادیِ ہدیٰ حیدرآباد میں تعلیمی معیار کو مزید مستحکم بنانے اور اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا 10 روزہ خصوصی ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔یہ تربیتی پروگرام معروف ماہرِ تعلیم اور ایجوکیشنل کنسلٹنٹ جناب حمید احساس کی نگرانی اور رہنمائی میں منعقد ہوا، جس میں جامعہ کے اساتذہ نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران اساتذہ نے باہمی مشاورت، علمی مباحث اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے تمام مضامین کے لیے ایک جامع 45 روزہ فاؤنڈیشن کورس تیار کیا، جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی بنیادوں کو مضبوط بنانا اور ان کی علمی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔کورس کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک منظم اور جامع ٹائم ٹیبل بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ مزید برآں، تیار کردہ نصابی مواد کو تحریری شکل میں مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا سافٹ ڈاکومنٹ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے نفاذ اور آئندہ نظرِ ثانی میں آسانی ہو۔ اس فاؤنڈیشن کورس کا باقاعدہ آغاز 15 جون بروز پیر سے کیا جائے گا۔
پروگرام کے دوران تعلیمی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ نفاذ اور نگرانی کے موثر نظام پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ اس مقصد کے لیے چار ذمہ داران کو مختلف شعبہ جات کی نگرانی سونپی گئی ہے، جن میں اکیڈمک مانیٹرنگ، طلبہ کے نظم و ضبط کی نگرانی، تدریسی معیار کا جائزہ اور دیگر انتظامی امور شامل ہیں، تاکہ مرتب کردہ منصوبے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
تربیتی پروگرام کے مختلف سیشنز میں جامعہ کے ایڈمنسٹریٹر جناب آصف محی الدین اور پرنسپل جناب اعظم خان نے شرکت کرتے ہوئے اساتذہ کی رہنمائی کی۔ اسی طرح جامعہ دارالہدیٰ کی ایڈوائزری کمیٹی کے معزز رکن جناب نظیر احمد بھی شریک ہوئے اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعلیمی خدمات کو سراہا۔اختتامی تقریب میں اسلامک سوشل سروس سوسائٹی،حیدرآباد کے نائب صدر جناب سلطان محی الدین صاحب اور جوائنٹ سیکریٹری جناب محمد یوسف علی خان نے خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے اس کامیاب تربیتی پروگرام کو جامعہ کی تعلیمی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی پروگرام جامعہ دارالہدیٰ میں تدریسی معیار کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور طلبہ کی ہمہ جہت علمی و اخلاقی تربیت کے لیے دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا اور ادارے کی تعلیمی خدمات کو مزید استحکام بخشے گا۔
