[]
جئے پور: گجرات کے 12 افراد راجستھان کے ضلع بھرت پور میں چہارشنبہ کی صبح اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک ٹریلر ان کی پرائیوٹ بس سے ٹکراگیا۔ اس حادثہ میں 11 افراد زخمی ہوئے۔
بس گجرات سے متھرا(یوپی)جارہی تھی۔ حادثہ صبح 4:30 بجے کے آس پاس پیش آیا۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) سے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 2لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے بطور ایکس گریشیا جاری ہوئے۔
لکھن پور پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار رام اوتار نے بتایا کہ بس فلائی اوور پر رکی ہوئی تھی کہ پیچھے سے آنے والے 10 پہیوں کے ٹریلر نے اسے ٹکر دے دی۔ 5 مرد اور 6 عورتوں کی موت برسرموقع ہوئی جبکہ ایک عورت نے دوران ِ علاج دم توڑا۔
11 زخمیوں میں 4کی حالت نازک ہے اور انہیں جئے پور ریفر کیا گیا۔ مہلوکین اور زخمیوں کا تعلق گجرات کے ضلع بھاؤنگر سے بتایا گیا ہے۔
آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر گجرات بھوپیندر پٹیل نے مہلوکین کے ورثا کو فی کس 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔
مقامی حکام کے بموجب بس خراب ہوگئی تھی۔ ڈرائیور اور مسافرین نیچے ٹھہرے ہوئے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں روند ڈالا۔ بس میں 57 مسافرین سوار تھے اور وہ منگل کی رات پشکر سے متھرا۔ ورنداون کے لئے روانہ ہوئی تھی۔