تلنگانہ میں جنگلات کے تحفظ اور اسمگلنگ کو روکنے بیشتر جامع اقدامات:وزیر جنگلات اندراکرن ریڈی

[]

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر جنگلات اندراکرن ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی ملازم جنگل کے تحفظ کے لئے اپنی جان کی قربانیاں دینے والوں کو فراموش نہ کرے۔

وزیرموصوف نے پیر کو جنگلات کے شہدا کے قومی دن کے موقع پر حیدرآباد کے نہرو زولوجیکل پارک میں یادگار پر پھول مالا چڑھائی اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگل کے وسائل کو لوٹنے والے اسمگلروں کے خلاف اپنی جانیں قربان کرنے والے محکمہ جنگلات کے ملازمین کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں۔ملازمین کو عزائم کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ریاست میں 1984 سے اب تک 22 افراداپنی قیمتی جانیں ڈیوٹی کے دوران گنوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ جنگلات کے ملازمین اور عملہ کو ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔ انھوں یاد دہانی کرائی کہ کتہ گوڑم ضلع کے چندر گونڈہ فاریسٹ رینج آفیسر سرینواس راؤ نے گزشتہ سال 22 نومبر کو اپنی جان گنوائی۔ جنگلات کے تحفظ کے لیے ان کی قربانی نا قابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سرینواس راؤ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعلی چندرشیکھرراو نے انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے سرینواس راؤ کی اہلیہ لکشمی کو نائب تحصیلدار کی ملازمت دی ہے۔ اس کے علاو حکومت نے کھمم ضلع میں 500 گز مکانات کی اراضی،50 لاکھ روپئے کا ایکس گریشیا بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2022۔2023 کے دوران، جنگلات کے تحفظ کے حصہ کے طور پر جنگلات کے حکام نے 79,735 مقدمات درج کیے اور 43.56 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔اسی دوران 7.31 کروڑ مالیت کی لکڑی اور 15,122 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔

اس کے علاوہ جنگلاتی علاقہ میں درخت کاٹنے والے افرادکے خلاف 26,408 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔محکمہ جنگلات کو مستحکم بنانے کے لیے تلنگانہ حکومت وقتاً فوقتاً بڑے پیمانے پر ملازمین اور عملہ کے تقررات کررہی ہے۔ پچھلے سال حکومت نے 1393 فاریسٹ بیٹ آفیسرس اور 14 فاریسٹ رینج آفیسرس کے تقرر کی منظوری دی۔اسی طرح جنگلات کے عہدیداروں کو 2,181 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی رہنمائی میں جنگلات کے تحفظ اور اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بیشتر جامع اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔اب تک تلنگانہ حکومت کے سرسبزی وشادابی کے پروگرام ہریتا ہارم کے تحت ریاست بھر میں 290 کروڑ سے زیادہ پودے لگائے جا چکے ہیں۔

ریاست نے سرسبز وشادابی میں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے ہیں۔اس موقع پر فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیرمین پرتاپ ریڈی، چیف فاریسٹ آفیسر آر۔ ایم ڈوبریال، چیف وائلڈ لائف آفیسر لوکیش جیسوال، وی سی اور ایم ڈی چندر شیکھر ریڈی، زو پارک ڈائرکٹر پرساد، کیوریٹر سنیل ہیرامت، ریٹائرڈ پی سی سی ایف پی کے جھا، منورنجن بھانجا، منیندرا، ریٹائرڈ آئی ایف ایس سنیل کمار گپتا، بوچی رامیریڈی اور دیگر موجود تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *