جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کی ذہنیت میں چھوت چھات کا احساس رچا بسا ہے، جس کی وجہ سے مندروں میں امتیازی سلوک کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
جے پور میں جمعہ کو عظیم سماجی مصلح مہاتما جیوتی با پھولے کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمہ پر گلپوشی کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے کہا کہ چھوت چھات انسانیت پر ایک دھبہ ہے اور اگر آر ایس ایس واقعی ایک ثقافتی تنظیم ہے جیسا کہ وہ دعویٰ کرتی ہے، تو اسے چاہیے کہ ملک بھر سے اس گھناؤنی روایت کے خاتمے کے لیے مہم کا آغاز کرے۔
