امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے اپنا جوہری پروگرام بند نہیں کیا تو امریکہ فوجی کارروائی کرے گا۔ بدھ، 9 اپریل کو دیے گئے اس بیان میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ ممکنہ فوجی کارروائی میں اسرائیل کا کردار نہایت اہم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اگر ایران اپنے عزائم سے باز نہیں آتا تو کارروائی ناگزیر ہوگی۔
یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو امریکہ کے دورے پر ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ٹرمپ کے اس بیان کو اسرائیل کے ساتھ بڑھتے تعلقات اور ایران پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
