وقف ترمیمی قانون کے خلاف دھرنا چوک پر ’تلنگانہ مارچ‘ کا اعلان: مشتاق ملک

حیدرآباد۔ (منصف نیوز بیورو) صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کی قیادت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وقف ترمیمی بل2025 کے خلاف26 اپریل کو دھرنا چوک اندرا پارک پر تلنگانہ مارچ منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی تلنگانہ و آندھرا پردیش کا اجلاس جو آج شام دفتر تحریک مسلم شبان اعظم پورہ میں منعقد ہوا۔ متنازعہ بل کے خلاف تلنگانہ مارچ،26 اپریل کو دھرنا چوک حیدرآباد میں منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ آج کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کانگریس، ٹی آر ایس، سی پی آئی، سی پی ایم، ایم بی ٹی، تحریک شبان، اور دیگر سیاسی، مذہبی، دینی ملی اور سماجی تنظیموں کے قائدین اور نمائندوں نے شرکت کی اور وقف ترمیمی بل کے خلاف 26 / اپریل کو متفقہ طور پر دھرنا چوک پر تلنگانہ مارچ منظم کرنے اپنی رائے دی۔ مشتاق ملک نے کہا کہ ہم ہر احتجاج کا ساتھ دیں گے جو وقف ترمیمی بل کے خلاف کیا جائے گا۔

مشتاق ملک نے مزید بتایا کہ 26 اپریل سے قبل آنے والے تین جمعوں کو وقف بل کے خلاف بعدنماز جمعہ مساجد کے روبرو سیاہ پٹیاں بازوں پر باندھ کر اور سیاہ پرچم تھام کر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ ایم بی ٹی قائد امجد اللہ خان نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے این آر سی اور سی اے اے کے خلاف حیدرآباد دھرنا چوک پر تاریخی ملین مارچ پر امن طور پر منظم کرکے اپنے اتحاد کا ثبوت دیا اور این آر سی قانون کو پس پشت ڈالنے پر حکومت کو مجبور کردیا۔

امجد اللہ خان نے بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان نے وقف ترمیمی بل کی تائید کرنے پر تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کے دفتر کے روبرو بھی احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائیے گا۔ محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین بہت جلد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ، کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ، صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ، سکریٹریز سی پی آئی، سی پی ایم کو بھی تلنگانہ مارچ میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *