کانگریس حکومت میں پسماندہ طبقات بالکلیہ طور پر نظر انداز
احاطہ اسمبلی میں جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب میں آخر تاخیر کیوں
بی سیز کو تحفظات کی فراہمی کے معاملہ میں ریونت ریڈی حکومت سنجیدہ نہیں
طلبہ ‘اسکالرشپس ‘فیس باز ادائیگی ودیگر سہولتوں کے حصول کےلئے مشکلات کا شکار
اندرا پارک پر 8اپریل کو منعقد شدنی بھوک ہڑتال کو کامیاب بنانےرکن کونسل کے کویتا کی اپیل
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس وصدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب میں غیر ضروری تاخیر پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کانگریس حکومت سے استفسار کیاکہ پسماندہ طبقات کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں روا رکھاجارہاہے۔کے کویتا احاطہ اسمبلی میں ”پھولے کے مجسمہ کی تنصیب کے مطالبہ پرمنعقد شدنی بھوک ہڑتال کے پوسٹرس کی بی سی تنظیموں کے قائدین کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر رسم اجراءکے موقع پر اظہار خیال کررہی تھیں۔
کے کویتا نے اعلان کیاکہ بی سی تنظیموں‘تلنگانہ جاگروتی اور یونائٹیڈ پھولے فرنٹ کے اشتراک سے 8اپریل کو اندرا پارک حیدرآباد میں صبح 11بجے تا شام5بجے بھوک ہڑتال منظم کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے احتجاجی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔کویتا نے کہاکہ جیوتی راﺅ پھولے نے اپنی ساری زندگی سماجی برائیوں‘چھوت چھات‘استحصال کے خلاف جدوجہد میں گزاری۔
جیوتی راﺅپھولے کی خدمات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں ان کا مجسمہ نصب کرنا حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مختلف مواقع پر حکومت سے نمائندگی کی گئی تاہم جان بوجھ کر اس معاملہ کو نظر انداز کیاجارہاہے۔بی آرایس لیڈر کویتا نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو 42فیصد تحفظات کی فراہمی کےلئے اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی تاہم کانگریس حکومت اس معاملہ میں عملی اقدامات کے خصوص میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔کویتا نے استفسار کیاکہ اسمبلی اور کونسل میں بل کی منظوری عمل میں آئی ہے ۔
کل جماعتی وفد کو مرکز سے نمائندگی کےلئے کیوں نہیں لے جایا گیاہے؟۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘وزیر اعظم نریندر مودی کو سیاسی نقصان نہ پہنچانے کی غرض سے بی سی ریزرویشن کے معاملہ میں مرکز پر دباﺅ ڈالنے سے اجتناب کررہے ہیں۔کویتا نے کہاکہ کانگریس پسماندہ طبقات کے ووٹوں کے باعث اقتدار پر فائز ہوئی ہے تاہم اقتدار پر فائز ہونے کے بعدوہ پسماندہ طبقات کو نظر انداز کررہی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کے سی آر کے دورحکومت میں بی سی گروکل اسکولس کا قیام عمل میں لایاگیا۔طلبہ کےلئے اوورسیز اسکالر شپس جیسی متعدد اسکیمیں متعارف کی گئیں
۔تاہم کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ اسکیمیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ طلبہ اسکالر شپ ‘فیس باز ادائیگی اور دیگر سہولتوں کےلئے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔کویتا نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ 8اپریل کو اندرا پارک پر منعقد شدنی بھوک ہڑتال میں حصہ لیں اور اس تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔جیوتی راﺅ پھولے کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے ہر کوئی اپنا کردار ادا کرے۔