
نئی دہلی (آئی اے این ایس) وقف ترمیمی بل پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے صدرنشین جگدمبیکا پال نے لوک سبھا میں بل کی نقل پھاڑنے پر اے آئی ایم ائی ایم سربراہ اسدالدین اویسی کی آج مذمت کی۔
انہوں نے اسے جمہوریت پر حملہ قراردیا اور کہا کہ عوام اس حرکت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ جگدمبیکا پال نے آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اویسی نے بل پھاڑا ہے۔ انہوں نے غیردستوری کام کیا ہے۔ جمہوری طورپر منتخب حکومت کی جانب سے متعارف کرایا گیا بل پھاڑنا اس ملک کے عوام کی توہین ہے۔
مہاتما گاندھی کا حوالہ دینے سے یہ حرکت حق بجانب نہیں کہلائی جاسکتی اور ملک انہیں معاف نہیں کرے گا۔ عوام کے خط ِ اعتماد کی توہین کرنے کا کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اسدالدین اویسی نے چہارشنبہ کے روز پارلیمنٹ میں ڈرامائی انداز میں بل پھاڑتے ہوئے جنوبی افریقہ میں امتیازی قوانین کے خلاف مہاتما گاندھی کے احتجاج کا حوالہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ گاندھی جی کی طرح میں بھی اس قانون کو پھاڑ رہا ہوں۔ جگدمبیکا پال نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام (اس حرکت کو) نہیں بھولیں گے۔ کسی کو بھی عوام کے خط ِ اعتماد کے ذریعہ حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے قانون کے خلاف ووٹ دینے کا حق نہیں ہے۔ آپ اس سے اختلاف کرسکتے ہیں لیکن اسے پھاڑنا جمہوریت پر حملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس بل کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائے گا اور مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔ قانون ِ وقف میں ترامیم کی ضرورت کا دفاع کرتے ہوئے جگدمبیکا پال نے دلیل دی کہ موجودہ قانون لامحدود اختیار عطا کرتا ہے جو دستوری گنجائشوں سے متجاوز ہے۔ یہ بل طویل عرصہ سے موجود ہے چاہے وہ 1995 کا پرنسپال ایکٹ ہو یا 2013 میں اس کی ترمیم‘ انہیں لامحدود اختیار دیا گیا تھا جو دستور سے بالاتر تھا۔
2013 میں یو پی اے حکومت نے دفعہ 300A کی خلاف ورزی کی تھی جو کہ حق جائیداد سے متعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بل حاشیہ پر رہنے والی برادریوں کو انصاف فراہم کرنے کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے۔ کل غریبوں‘ خواتین‘ بیواؤں اور اس ملک کے بچوں کے لئے ایک تاریخی دن ہوگا۔ لوگ اپنی سخت محنت کی کمائی خرچ کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اس کے فوائد محروم طبقات تک پہنچیں۔
ہندوستان میں ریلویز اور فوج کے بعد سب سے زیادہ املاک وقف بورڈ کے پاس ہیں اس کے باوجود ان سے ضرورت مندوں کو فائدہ نہیں پہنچ رہا تھا۔ پہلی مرتبہ انصاف کو یقینی بنانے باباصاحب امبیڈکر کے جذبہ سے ہم آہنگ ایک بل منظور کیا گیا ہے۔