وقف بل، مسلمانوں کے لئے فائدہ مند : مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی (ویڈیو)

بریلی (آئی اے این ایس) آل انڈیا مسلم جماعت کے سربراہ مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وقف ترمیمی بل سے مسلمانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ یہ ان کا قابل ِ لحاظ فائدہ کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض سیاسی گروپس اس بل کے تعلق سے غیرضروری خوف پھیلاتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ میں یہ بل کسی خلل یا مسئلہ کے بغیر منظور ہوجائے گا۔ اپوزیشن یقینا ہنگامہ برپا کرے گی کیونکہ وہ ووٹ بینک کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔

وہ اپنا ووٹ بینک قائم رکھنے کے لئے یقینا شوروغل کرے گی۔ مولانا نے اس اندیشہ کو خارج کیا کہ یہ بل مسلم برادری کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل سے مسلمانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور سیاسی گروپس سے جڑے دیگر لوگ مسلمانوں کو ڈرارہے ہیں‘ گمراہ کررہے ہیں‘ افواہیں پھیلارہے ہیں اور غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ میں مسلمانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ نہ تو ان کی مسجدیں اور نہ عیدگاہیں‘ درگاہیں یا قبرستان چھینے جائیں گے۔ یہ صرف افواہ ہے۔

مولانا رضوی نے سابق میں مسلم پرسنل لا بورڈ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے اصل مقصد سے ہٹ گیا ہے۔ وہ سیاسی ایجنڈہ کے زیراثر آگیا ہے۔ وقف بل کے فائدے بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترمیمی بل پر عمل آوری کے بعد وقف سے ہونے والی آمدنی کو غریب‘ بے سہارا لوگوں اور مسلم بیواؤں پر خرچ کیا جائے گا۔

اس سے ان کی ترقی ہوگی۔ تعلیم کے شعبہ میں کام کیا جائے گا۔ حاصل ہونے والی آمدنی سے اسکول‘ کالجس‘ مدرسے اور مسجدیں کھولے اور چلائے جائیں گے۔ یہ نیا بل کرپشن کی روک تھام کرے گا۔ یہ مسلمانوں کی ترقی کے لئے ہے۔ ذاتی فائدہ کے لئے وقف بورڈ کی کروڑہا روپے کی زمینوں کی غیرقانونی فروخت رک جائے گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *