شملہ: ہماچل پردیش کے کُلّو ضلع کے مشہور سیاحتی مقام منی کرن میں اتوار کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جب گرودوارہ منی کرن صاحب کے قریب مٹی کا تودہ گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا، جب گرودوارے کے سامنے سڑک کنارے کئی لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ اچانک پہاڑی سے بھاری مقدار میں ملبہ گر پڑا، جس کے ساتھ ایک بڑا درخت بھی نیچے آ گرا۔ اس حادثے میں وہاں موجود لوگ ملبے کی زد میں آ گئے۔