
حیدرآباد (آئی اے این ایس) شہر حیدرآباد کے قریب ضلع سنگاریڈی کے امین پور علاقہ کے ایک مکان میں جمعہ کی صبح کو تین بچے، مشتبہ حالات میں مردہ پائے گئے جبکہ ان بچوں کی ماں ایک ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون نے رات کے تقریباً3بجے، درد شکم کی شکایت کی اور اس کے شوہر چنیا نے پڑوسیوں کی مدد سے اپنی بیوی کو ہاسپٹل منتقل کیا جب چنیا گھر واپس لوٹا تو اُس نے اپنے تمام3بچوں کو مردہ حالت میں پایا۔
ان تین بچوں کی شناخت 12 سالہ سائی کرشنا، 10سالہ مدھو پریہ اور 8سالہ گوتم کی حیثیت سے کی گئی۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے بچوں کی لاشوں کو ہاسپٹل منتقل کردیا۔ پولیس نے مشتبہ حالت میں اموات کا کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ضلع ایس پی پریتوش پنکج اور دیگر سینئر پولیس عہدیداروں نے رگھویندر ا کالونی میں جائے وقوع کا دورہ کیا۔ خاتون، بیرم گوڑہ کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔
خاتون نے بتایا کے انہوں نے اپنے بچوں کے ساتھ جمعرات کی رات میں دہی اور چاول کھایا تھا۔ پولیس سمیت غذا کے ساتھ گھریلو مسائل کے سبب ماں نے بچوں کے کھانے میں زہر ملا کر خود بھی انتہائی اقدام کی کوشش کے زاویہ سے بھی کیس کی تحقیقات کی ررہی ہے۔
ضلع سنگاریڈی میں پیش آئے ایک دوسرے واقعہ میں زرعی باؤلی میں دو مائیگرنٹ ورکرس مردہ پائے گئے۔ کوہیر منڈل کے موضع پائیڈی گمل میں پیش آیا۔
پولیس نے ایک رئیل اسٹیٹ وینچر کی باؤلی سے دو مزدوروں بایدیاناتھ بھٹ (یو پی) اور ہری سنگھ (اڈیشہ) کی لاش دستیاب کرلی ہیں۔ یہ مزدور، کام کیلئے وینچر آئے تھے اور یہ دونوں 10مارچ سے لاپتا بتائے گئے جن کی گمشدگی کی رپورٹ 13مارچ کو کوہیر پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی تھی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہیں۔