ہند۔ امریکہ۔ سعودی۔ امارات، ریلوے معاملت کا اعلان متوقع

[]

نئی دہلی: جی 20 چوٹی کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ہندوستان‘ سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے قائدین امکان ہے کہ ہفتہ کے دن ایک بڑی انفرااسٹرکچر معاملت کا اعلان کریں گے جو خلیجی اور عرب ممالک کو ریلویز نیٹ ورک سے جوڑے گی۔

ایک میڈیا رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔ یہ معاملت ہندوستان کو بندرگاہوں کے ذریعہ جوڑے گی۔ یہ پراجکٹ وائٹ ہاؤز کی ایک اہم پہل ہے جس پر وہ مشرق ِ وسطیٰ میں زور دے رہا ہے کیونکہ خطہ میں چین کا اثر و رسوخ بڑھتا جارہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ‘ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ ویژن کا کلیدی حصہ ہے۔

مشترکہ ریلوے پراجکٹ توقع ہے کہ ایک اہم موضوع ِ گفتگو ہوگا جس پر امریکی صدر جو بائیڈن‘ جی 20 چوٹی کانفرنس نئی دہلی میں زور دینا چاہیں گے۔ ایکسیوز رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔ بائیڈن انتظامیہ‘ سعودی عرب کے ساتھ بڑی معاملت کے لئے اپنی سفارتی پہل مکمل کرنا چاہتا ہے۔

وہ چاہتا ہے کہ 2024 کی انتخابی مہم سے قبل مملکت سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر آجائیں۔ وائٹ ہاؤز نے قبل ازیں اپنے بیان میں کہا کہ ہفتہ کے دن صدر بائیڈن پارٹنرشپ فار گلوبل انفرااسٹرکچر اینڈ انوسٹمنٹ ایونٹ میں حصہ لیں گے۔

آئندہ 2 دن میں چاروں ممالک کی بات چیت قطعیت پاجائے تو ان کے قائدین یادداشت مفاہمت پر دستخط کریں گے۔ پراجکٹ توقع ہے کہ عرب ممالک اور خلیج کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑے گا۔ ہندوستان‘ خلیج میں بندرگاہوں کے ذریعہ جڑجائے گا۔

اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات مستقبل میں معمول پر آجائیں تو اسرائیل بھی ریلوے پراجکٹ کا حصہ بن سکتا ہے۔ وہ اسرائیلی بندرگاہوں کے ذریعہ یوروپ تک اپنی رسائی بڑھاسکتا ہے۔ جی 20 چوٹی کانفرنس کے حاشیہ پر صدر بائیڈن اور سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان کی باہمی ملاقات کا امکان ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *