تعلیمی نظام پر آر ایس ایس کے کنٹرول سے ملک تباہ ہوجائے گا: راہول گاندھی (ویڈیو)

نئی دہلی (پی ٹی آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ نظام ِ تعلیم پر اگر آر ایس ایس کا مکمل کنٹرول ہوگیا تو ملک برباد ہوجائے گا۔

سابق صدر کانگریس نے کہا کہ انڈیا بلاک میں شامل جماعتوں میں بعض معمولی نظریاتی اور پالیسی اختلافات ہیں لیکن وہ ملک کے تعلیمی نظام پر سمجھوتہ کبھی بھی نہیں کرسکتیں۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے خلاف انڈیا بلاک سے جڑی طلبا تنظیموں کے احتجاج سے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ ایک تنظیم‘ مستقبل اور ملک کا تعلیمی نظام تباہ کردینا چاہتی ہے۔

اس تنظیم کا نام راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ہے۔ اگر نظام تعلیم اس کے ہاتھوں میں چلاگیاجو کہ اصل میں آہستہ آہستہ جارہا ہے‘ یہ ملک برباد ہوجائے گا۔ کسی کو بھی نوکری نہیں ملے گی اور ملک ختم ہوجائے گا۔

طلبا تنظیموں کو طلبا کو یہ ضرور بتانا چاہئے کہ ہندوستانی جامعات(یونیورسٹیز) کے وائس چانسلرس پر آر ایس ایس کا غلبہ ہے۔ آنے والے وقتوں میں ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تقرر بھی آر ایس ایس کی سفارش پر ہوگا۔ ہمیں اسے روکنا ہوگا۔

جنتر منتر پر مظاہرین سے خطاب میں انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں مہاکمبھ کی بات کی حالانکہ انہیں بے روزگاری اور مہنگائی کی بات کرنی چاہئے تھی۔ وزیراعظم‘ بے روزگاری‘ مہنگائی اور تعلیمی نظام پر ایک لفظ بھی نہیں کہتے۔ ان کا ماڈل سارے وسائل اڈانی اور امبانی اور سارے ادارے آر ایس ایس کے حوالہ کردینے کا ہے۔

راہول گاندھی نے مظاہرین سے کہا کہ آپ انڈیا بلاک کے طلبا ہیں۔ ہمارے نظریات اور پالیسیوں میں معمولی فرق ہوسکتا ہے لیکن ہم ملک کے تعلیمی نظام پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ ہم یہ لڑائی مل جل کر لڑیں گے اور آر ایس ایس کو پیچھے دکھیلیں گے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *