
مرکزی حکومت نے ارکانِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور دیگر مالی مراعات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے فیصلے کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہ میں اضافہ کیا گیا ہے،
جو پہلے ایک لاکھ روپے تھی، اب اسے بڑھا کر ایک لاکھ 24 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، روزانہ ملنے والے بھتے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جو پہلے 2000 ہزار روپے تھا، اب اسے بڑھا کر 2500 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
سابق ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ پہلے انہیں ماہانہ 25ہزار روپے پنشن دی جاتی تھی، لیکن اب یہ رقم بڑھا کر 31 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سابق ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے بڑھائی گئی پنشن کا اطلاق اپریل 2023 سے ہوگا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں اقتصادی چیلنجز اور دیگر مسائل پر بحث جاری ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ ارکانِ پارلیمنٹ کی بہتر کارکردگی اور ان کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مختلف حلقوں سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔