
“ریاست میں خواتین غیر محفوظ – ایم ایم ٹی ایس ریل میں خاتون سے زیادتی کی کوشش
خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت ناکام
رکن کونسل کویتا کا شدید ردِ عمل”
رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ایم ایم ٹی ایس ریل میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ریلوے ایس پی چندنا دیپتی سے فون پر رابطہ کر کے متاثرہ لڑکی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور اس واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔
بی آر ایس قائد کویتا نے کہا کہ ریاست میں ایسے واقعات مسلسل پیش آ رہے ہیں، جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے بارے میں بارہا حکومت کو متنبہ کیا گیا، لیکن حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے ایسے افسوسناک واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کے تحفظ کے معاملے پر فوری توجہ دے اور سخت اقدامات کرے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ ایم ایل سی کویتا نے خواتین کی سلامتی کے لیے ٹھوس پالیسیوں کے نفاذ پر زور دیا اور کہا کہ صرف جملے بازی سے کام نہیں چلے گا بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔