
حیدرآباد: ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ٹی ایس آر ٹی سی کے مستقبل پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسافروں کی سلامتی ملازمین کے احترام اور ادارے کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے آئندہ اصلاحات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ہی 37 مقامات پر اے آئی پر مبنی وہیکل ٹیسٹنگ سنٹرز قائم کرے گی اور 28 اضلاع میں وہان سارَتھی اسکیم کو لاگو کرے گی۔
انہوں نے کہا 15 سال سے پرانی گاڑیوں کی اسکرایپنگ پالیسی بھی نافذ کی جا چکی ہے، اور تین کمپنیوں کو گاڑیوں کے تلف کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت میں پرجا پالنا حکومت نے 9 دسمبر 2023 کو ”مہا لکشمی” اسکیم کا آغاز کیا تھا اور اسے وسیع عوامی حمایت کے ساتھ کامیابی سے چلا رہی ہے۔
پونم پربھاکر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے 2013 کے دور کے 280 کروڑ روپے کے بانڈز کی ادائیگی مکمل کر لی ہے، 2017 کے پی آر سی کے تمام بقایا جات ادا کر دیے ہیں، اور ایسے ڈرائیورز کے لیے ڈبل ڈیوٹی شمار کرنے کا آغاز کیا ہے جو 15 گھنٹوں سے زائد کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہمارے دورِ حکومت میں مزدوروں کے استحصال کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہر پیسہ براہِ راست مزدوروں تک پہنچا ہے۔