حلقوں کی حد بندی، کانگریس، بی آرایس، ڈی ایم کے، عاپ اورسی پی آئی ایم کا سیاسی ڈرامہ:بنڈی سنجے

حیدرآباد:مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے نے کانگریس، بی آر ایس، ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی اور سی پی آئی (ایم) پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ پارٹیاں پارلیمانی حلقوں کی حد بندی کے نام پر سیاسی ڈرامہ کررہی ہیں جبکہ خود شراب گھوٹالوں میں ملوث ہیں۔

 اتوار کو کریم نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں تلنگانہ پرانتھ اپادھیائے سنگم (ٹی پی یو ایس) نے بی جے پی کے ایم ایل سیزکو تہنیت پیش کی، سنجے نے الزام لگایا کہ اسٹالن کی قیادت والی تمل ناڈو حکومت نے ایک ہزار کروڑ روپے کا شراب گھوٹالہ کیا، جو کیرالہ، عام آدمی پارٹی اور بی آر ایس کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں ہونے والے گھوٹالوں سے مشابہت رکھتا ہے۔

 انہوں نے جنوبی ہندوستان کے لیے جی ڈی پی کی بنیاد پر 36 فیصد پارلیمانی حصہ مختص کرنے کے اپوزیشن کے مطالبے کو ”غیر منطقی” اور حد بندی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی ایک دانستہ کوشش قرار دیا۔ کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے الزام لگایا کہ وہ اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔

 تنخواہوں میں تاخیر کر رہی ہے اور تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کو نظرانداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کے سی آر کی زیر قیادت بی آر ایس پر تلنگانہ کو قرض کے بوجھ میں دھکیلنے اور جعلی کرنسی گھوٹالوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام لگایا۔

ریاست میں جاری بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے کسانوں کے قرض معافی، فلاحی اسکیموں کے بقایا جات اور ملازمین و پنشنرس کی مالی مشکلات کا ذکر کیا۔ کانگریس اور بی آر ایس کے لیڈروں پر سیاست کو حکمرانی پر ترجیح دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے، انہوں نے انتباہ دیا کہ عوام جلد ہی انہیں سبق سکھائیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *