
حیدرآباد: حیدرآباد ٹریفک پولیس نے دونوں شہروں حیدرآباد سکندرآباد میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے پر ایک خاتون سمیت 1,099 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے۔ یہ مقدمات 15 مارچ سے 21 مارچ تک حیدرآباد بھر میں چلائی گئی مہم کے دوران درج کیے گئے۔
جملہ 1,099 مقدمات میں سے 961 مقدمات بائیک سواروں کے خلاف، 39 مقدمات تری وہیلرس کے ڈرائیوروں کے خلاف اور 96 مقدمات کار مالکین کے خلاف درج کیے گئے۔ ہیوی گاڑیاں چلانے والے تین افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے،پولیس کا کہنا ہے کہ 21 سے 30 سال کی عمر کے ڈرائیوروں کے خلاف 470 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 31 سے 40 سال کی عمر کے افراد کے خلاف 331 مقدمات اور 41 سے 50 سال کی عمر کے ڈرائیوروں کے خلاف 193 مقدمات درج کیے گئے۔
51 سے 60 سال کے ڈرائیوروں کے خلاف 57 اور 61 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے خلاف 31 مقدمات درج کیے گئے۔ ایک مقدمہ 18 سال سے کم عمر شخص کے خلاف جبکہ 18 سے 20 سال کی عمر کے 16 افراد کے خلاف درج کیا گیا۔پولیس کے مطابق، 15 معاملات میں بی اے سی (بلڈ الکوحل کانٹینٹ) کی مقدار 300 یا اس سے زیادہ پائی گئی، 13 معاملات میں 251 سے 300 کے درمیان، جبکہ 29 معاملات میں یہ مقدار 201 سے 250 کے درمیان تھی۔
95 معاملات میں بی اے سی 151 سے 200 کے درمیان، 244 معاملات میں 101 سے 150 کے درمیان، اور 477 معاملات میں 51 سے 100 کے درمیان پائی گئی۔ بی اے سی 30 سے 50 کے درمیان 226 معاملات میں درج کی گئی۔