ایس ایس سی امتحانات کے موثر انعقاد میں ریاستی حکومت ناکام
امتحان کی تکمیل سے قبل ہی سوالیہ پرچہ واٹس ایپ پر لیک ہونے کا الزام
امیدوار وں میں سنسکرت کے بجائے تلگو پرچوں کی تقسیم ناقص کارکردگی کی واضح مثال
طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ۔تعلیمی نظام روبہ زوال
ریونت ریڈی،تعلیم کا قلمدان رکھنے کے باوجود شعبہ کی بہتری میں ناکام
الزام تراشی اور نازیبا زبان کے استعمال کے بجائے سنجیدگی سے حکمرانی پر توجہ دی جائے: کے کویتا
حیدرآباد: رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کے ذریعہ ریاستی حکومت کی تعلیمی پالیسی اور امتحانی نظام پر شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی زیر قیادت حکومت دسویں جماعت کے امتحانات کو موثر طریقے سے منعقد کرنے میں ناکام رہی ہے۔
طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ کے کویتا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امتحان مکمل ہونے سے قبل ہی سوالیہ پرچہ واٹس ایپ پر لیک ہو رہا ہے اور سنسکرت کے بجائے تلگو کا پرچہ تقسیم کیا جا رہا ہے جو کہ حکومت کی ناقص کارکردگی کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی تعلیمی امور کی وزارت اپنے پاس رکھنے کے باوجود اس شعبہ کو بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں
جس کی وجہ سے ریاست میں تعلیمی نظام زوال پذیر ہے۔ کویتا نے حکومت کو متنبہ کیا اور کہا کہ وہ اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے سنجیدگی سے حکمرانی پر توجہ مرکوز کرے اور ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لئے موثر اقدامات روبہ عمل لائے۔
انہوں نے حکومت کی ناکامیوں پر تنقید کرنے والوں پر الزام تراشی اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے بجائے کارکردگی کو بہتر اور طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا۔