
مظفر پور (پی ٹی آئی) بہار کی ایک عدالت میں جمعہ کے دن داخل ایک درخواست میں چیف منسٹر نتیش کمار پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے پٹنہ میں ایک تقریب میں قومی ترانہ کا احترام نہیں کیا۔
ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (ویسٹ) مظفرپورکی عدالت میں یہ درخواست مقامی وکیل سورج کمار نے داخل کی۔ درخواست داخل کرنے کے بعد سورج کمار نے کہا کہ چیف منسٹر نے جمعرات کے دن کھیلوں کے مقابلہ کے افتتاح کے دوران اپنے رویہ سے ریاست کو بدنام کیا۔
عدالت سے گزارش کی گئی کہ وہ پولیس کو ہدایت دے کہ چیف منسٹر کے خلاف بی این ایس کی متعلقہ دفعات اور نیشنل آنر ایکٹ کے تحت کیس درج کرے۔ عدالت نے معاملہ کی سماعت 25 مارچ کو مقرر کی۔
نئی دہلی سے آئی اے این ایس کے بموجب آر جے ڈی رکن اسمبلی رن وجئے ساہو نے جمعرات کے دن چیف منسٹر نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل انہوں نے جو کیا اس سے ریاست اور ملک کو شرمندہ ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ بہار کی بڑی بے عزتی ہوئی۔ سارا ملک پوچھ رہا ہے کہ وزیراعظم کہاں ہیں؟ پردھان منتری جی آپ کے چہیتے چیف منسٹر نے قومی ترانہ کی توہین کی ہے۔ بہار کے کسان اور ورکرس پوچھ رہے ہیں کہ آپ ان کے خلاف کارروائی کب کریں گے۔