یوگی آدتیہ ناتھ کو دھمکیاں دینے کی وزارت قائم کرنے قائد اپوزیشن کا مشورہ

لکھنؤ (آئی اے این ایس) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر طنز کیا ہے اور تجویز پیش کی ہے کہ اترپردیش حکومت ایک نئی ”دھمکیاں دینے والی وزارت قائم کرے تاکہ وہاں وہ اپنے ارکانِ اسمبلی کو جگہ دے سکے“۔

انہوں نے غازی آباد کے بی جے پی رکن اسمبلی سے متعلق حالیہ تنازعہ کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔ اکھلیش یادو نے جمعہ کے روز ایکس پر پوسٹ کیا کہ معزز چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ ”دھمکیاں دینے کی وزارت“ قائم کریں تاکہ اترپردیش میں بی جے پی ارکان اسمبلی کو اس میں جگہ دی جاسکے۔

اکھلیش نے کہا کہ ان (آدتیہ ناتھ) کے پاس ان کی پارٹی کے کئی اہل امیدوار موجود ہیں جو اِس وزارت کے وزیر بن سکتے ہیں۔ بہرحال اگر وہ چاہیں تو یہ وزارت اپنے پاس بھی رکھ سکتے ہیں کیونکہ اِس مخصوص میدان میں ان سے زیادہ اہل اور تجربہ کار شخص کوئی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی نندکشورگرجر کی غازی آباد میں رام کتھایاترا کے مسئلہ پر پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی تھی۔ بعد ازاں رکن اسمبلی نے چیف سکریٹری اور کمشنر کو دھمکیاں دی تھیں جس کے پس منظر میں اکھلیش نے یہ تنقید کی ہے۔ اکھلیش نے اپنے ایک پوسٹ میں آئی اے ایس عہدیدار ابھیشیک پرکاش کی معطلی پر بھی تنقید کی جو رشوت تنازعہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ان کی معطلی کو محض ایک ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ اترپردیش انتظامیہ میں اس سے کہیں زیادہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اترپردیش میں ”ایز آف ڈؤنگ بزنس“ کی سچائی ہے، جہاں صنعتی ترقی کے نام پر کھلے عام کمیشن مانگا جارہا ہے۔ جب اس معاملہ کو بے نقاب کیا گیا تو معطلی کا ڈرامہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس کرپشن کا آخری اسٹاپ یہ عہدیدار نہیں بلکہ کوئی اور ہے۔

حکومت اترپردیش نے جمعرات کے روز کرپشن کے تئیں صفر تحمل کی پالیسی کے تحت 2006ء بیاچ کے آئی اے ایس عہدیدار ابھیشیک پرکاش کو معطل کردیا۔ قبل ازیں وہ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ رہے ہیں اور فی الحال ”انویسٹ یوپی“ کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک صنعت کار سے پانچ فیصد کمیشن طلب کیا تھا تاکہ اسے سولارپلانٹ لگانے کی اجازت دی جاسکے۔ اس صنعت کار نے مبینہ طور پر چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو اس بات سے واقف کروایا جس کے نتیجہ میں خصوصی ٹاسک فورس نے اس معاملہ کی تحقیقات کیں اور الزامات کو سچ پاتے ہوئے مبینہ درمیانی شخص نکنت جین کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ بعد ازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ تحقیقات کے بعد پرکاش کو معطل کردیا گیا اور ریونیو بورڈ سے اٹیچ کردیا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *