
ممبئی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتنے والی ہندوستانی مرد ٹیم کے لیے 58 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے اور یہ رقم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی انعامی رقم سے تین گنا زیادہ ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے ہندوستانی ٹیم کے لیے 58 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا، “مسلسل آئی سی سی کا خطاب جیتنا خاص ہے اور یہ ایوارڈ عالمی سطح پر ہندوستانی ٹیم کی لگن اور بہترین کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ نقد انعام ،پردے کے پیچھے ہر شخص کی محنت کا احترام ہے۔ یہ آئی سی سی انڈر-19 خواتین کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد 2025 میں ہماری دوسری آئی سی سی ٹرافی ہے اور یہ ہمارے ملک میں موجود مضبوط کرکٹ سسٹم کی نمائندگی کرتا ہے۔”
آئی سی سی نے پہلے ہی اس چیمپئنز ٹرافی کے فاتحین کے لیے تقریباً 19.34 کروڑ روپے اور ہر لیگ میچ (سیمی فائنل اور فائنل کو چھوڑ کر) میں جیت کے لیے اضافی تقریباً 29.35 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ کل انعامی رقم تقریباً 5.96 کروڑ روپے تھی، جو 2017 کے ورژن کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ تھی۔
آئی سی سی کی جانب سے رنر اپ نیوزی لینڈ کو 9 کروڑ 66 لاکھ روپے دیے گئے۔ سیمی فائنل میں ہارنے والی جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو تقریباً 4.83 کروڑ روپے ملے۔ اس کے علاوہ اس چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کو ایک کروڑ روپے دیے گئے تھے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے اعلان کردہ یہ انعامی رقم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ، معاون عملے اور اجیت اگرکر کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی میں تقسیم کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ 9 مارچ کو دبئی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے خطابی میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔