مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس نے ایک بیان میں، عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے آزاد انسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے اقدامات میں تیزی لائیں۔
حماس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قابض رژیم اور اس کے سرپرست امریکہ پر جنگی جارحیت کو روکنے کے لئے فوری طور پر دباؤ ڈالتے ہوئے دنیا بھر میں اسرائیلی اور امریکی سفارت خانوں کے سامنے احتجاج کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فاشسٹ رژیم نے رمضان کے مقدس مہینے میں تمام انسانی اقدار، اور الہی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے نہتے شہریوں کے خلاف وحشیانہ جارحیت اور نسل کشی دوبارہ شروع کر دی ہے۔”
حماس نے دنیا کے آزاد انسانوں سے فلسطینیوں کے جائز حقوق اور آزادی کی حمایت نیز غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے لئے قابض رژیم پر دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔
حماس کے بیان میں درخواست کی گئی ہے :آئیں ہم عرب، اسلامی اور بین الاقوامی سطح پر تمام کوششوں کو متحد کریں اور صہیونی رژیم کی جارحیت کے خلاف ایک آواز بنیں جو غزہ میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی بے دریغ نسل کشی کر رہی ہے۔”