
نظام آباد (منصف نیوز بیورو) رمضان کے مقدس مہینے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی کانگریس پارٹی کی جانب سے نظام آباد میں قلعہ روڈ پر دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر محمد علی شبیرنے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔
مسلمانوں کو تحفظات سے محروم کرنامودی کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر کہا تھا کہ ان کی حکومت مسلمانوں کیلئے چار فیصد ریزرویشن کو ختم کرے گی، لیکن ان کی وجہ سے ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلمانوں کے ریزرویشن کو ہٹانا وزیر اعظم مودی یا امیت شاہ کے بس میں نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں مسلمانوں کیلئے چار فیصد تحفظات کیلئے لڑائی لڑی جاری ہے اور اس کی حفاظت کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تبصرہ کیا کہ ان کی ایک سیکولر حکومت ہے اور اس میں سب کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ مذہب کے نام پر تقسیم نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلمان ان کی دو آنکھوں کی مماثل ہیں۔تلنگانہ کے چیف منسٹرریونت ریڈی نے مسلم طبقات سے اپیل کی کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں خصوصی دعائیں کریں اور تلنگانہ کی تمام شعبوں میں ترقی اور ملک میں سپر پاور کے طور پر ابھرنے کی خواہش کی۔
اس پروگرام میں اردو اکیڈمی چیرمین طاہربن حمدان، کیشا وینو،این رتناکر، سید نجیب علی،ایم اے قدوس،اشفاق احمد خان پاپا بھائی، ایم اے فہیم، محمد مصباح الدین،ایم اے باری،سمیر احمد، مجاہد خان،محمد ضیاء احمد، ہارون خان، سمیر احمد، شیخ جعفر،عبدالقادر کے علاوہ کانگریس قائدین و کارکنوں اور روزہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔