پولیس نے حیدرآباد میں کاغذ نگر کے شخص کی جان بچائی

حیدرآباد ۔ شہر کے علاقہ سکندرآباد، بیگم پیٹ فلائی اوور کے قریب اچانک بے ہوش ہو کر گرنے والے شخص کی پولیس نے سی پی آر کے ذریعہ ابتدائی طبی امداد پہنچا کر جان بچائی۔

 

ریاست تلنگانہ کے کاغذ نگر کا رہنے والا سریش نامی شخص اتوار کے روز بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ موقع پر موجود پولیس کانسٹیبل حیدر اور آنند نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے سی پی آر کے ذریعہ ابتدائی طبی امداد پہنچائی ۔ بعد ازاں سریش کو ایمبولینس کے ذریعہ گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے بعد وہ صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوگیا۔

 

پولیس کی بروقت مدد کے نتیجہ میں سریش کی جان بچ گئی۔سی پی آر (CPR) یعنی کارڈیوپلمونری ریسیسیٹیشن ایک طبی ہنگامی طریقہ کار ہے جو دل کی دھڑکن بند ہونے یا سانس رک جانے کی صورت میں کیا جاتا ہے۔

 

یہ عمل سینے پر دباؤ (Chest Compressions) اور منہ سے سانس دینے (Rescue Breaths) پر مشتمل ہوتا ہے۔ سینے پر دباؤ سے دل خون کو جسم میں پمپ کرتا ہے جبکہ منہ سے سانس دینے سے آکسیجن پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے۔

 

اگر کسی کو دل کا دورہ پڑے یا وہ بے ہوش ہو کر سانس نہ لے رہا ہو تو فوری طور پر سی پی آر دینے سے اس کی جان بچ سکتی ہے کیونکہ یہ دل اور دماغ کو آکسیجن فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *