
قرآن مجید کا نزول ساری انسانیت کیلئے ہدایت و کامرانی، مسلمان قرآن کے آفاقی پیغام کو غیروں تک پہنچائیں
لیلۃ القدر کانفرنس کے ضمن میں مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اجلاس سے علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعزحسینی قادری شرفی ، مولانا ڈاکٹر محمد اخلاق شرفی ، مولانا اقبال احمد رضوی کے خطابات
حیدرآباد۔16/مارچ2025ء (راست) قرآن مجید کا نزول تا قیامت ساری انسانیت کی ہدایت کیلئے کیا گیا ہے جو کوئی احکامات خداوندی اور سنت رسول ﷺکے مطابق اپنی زندگی کو گزارے گا یقیناً وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوگا ۔صرف لاَ اِلہٰ الا اللہ کہہ لینے سے ایمان مکمل نہیں ہوتا بلکہ ساتھ ہی ساتھ محمد رسول اللہ کا اقرار و اظہار بھی ضروری ہے یہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ پر کامل ایمان و یقین کے علاوہ فرائض و سنتوں کی ادائیگی اور اپنے گھروں میں اسلامی تہذیب کا رائج کرنا بھی ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قادریہ اسلامک سنٹر دبیر پورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام بر صغیر ہند کی عظیم الشان فقید المثال تئیسویں لیلۃ القدر کانفرنس و تحفظ ناموس رسالت ؐ منعقدہ 27/مارچ2025ء بروز جمعرات ، بعد نماز تراویح ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ ، حیدرآباد کے ضمن میں اجلاس سے حضرت علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات اور اسوئہ رسول ؐ کو اپناتے ہوئے عملی ثبوت دیں کیونکہ اسی میں فلاح و کامرانی ہے بلکہ ہمارا فریضہ ہے کہ اسے دیگر ابنائے وطن کے سامنے اپنے اسلامی کردار کوصبر و استقامت کے ساتھ اس طرح پیش کریں کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوجائے ۔اجلاس کی سرپرستی حضرت مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی صاحب نے کی ۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج قوم مسلم قرآن کے آفاقی پیغام کو فراموش کرچکی ہے جسکی بناء پر مسلمان ہر طرف پریشان و رسوا ہورہے ہیں بقول علامہ اقبال ؒؔکے ’’ وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہوکر :: اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہوکر ٗ ٗ۔ دوسری قومیں قرآن پاک کی مسلسل تحقیق میں لگی ہوئی ہیں اور مسلمان قرآن سے دور ہوتے جارہے ہیں ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اسوئہ رسول ﷺ کو سختی سے اپنائیں۔ قرآن مجید نے انسانوں کو زندگی کا مکمل نظام ، پاکیزگی ، حلال و حرام کافرق، چھوٹے اور بڑوں کے آداب ، والدین ،میاں بیوی ، رشتے داروں کے حقوق غرض ایسی کون سی چیز قرآن مجید میں موجود نہیں جو بنی نوع انسانی کی ہدایت کیلئے نازل نہ کی گئی ہو اور مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات کو فراموش کرکے قہر خداوندی کا حقدار ہوتا نظر آرہا ہے انہوں نے کہا کہ الحمد للہ لیلۃ القدر کانفرنس و تحفظ ناموس رسالت ﷺ کا عظیم الشان پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جو وقت کی اہم ضرورت ہے میں رحمت عالم کمیٹی کے تمام کارکنان سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے قرآن کے اس آفاقی پیغام کو پہونچانے کیلئے لیلۃ القدر کانفرنس کی کامیابی میں کوئی کثر نہ چھوڑیں۔ حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اخلاق شرفی (چیرمن ورلڈ قرآنک مشن ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہِ رمضان اُمت محمدیہ ﷺ کیلئے جہاں رحمت ، مغفرت اور نجات کا حامل ہے وہیں اس ماہ میں قرآن پاک کا نزول ایک عظیم انعام ہے قرآن مجید بنی نوع انسانی کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے آتا ہے لیکن افسوس آج مسلمانوں نے اس کو فراموش کردیا ،قرآن کی عظمت کو سمجھنا کرنا ہر مسلمان کا جہاں ایمانی فریضہ ہے وہیں اسکے پیغام کو عام کرنا بھی فرض ہے تاکہ یہود و نصاریٰ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہ ہوسکیں جسکا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے کہ ’’ یہود و نصاریٰ تم سے اس وقت تک راضی نہ ہونگے جب تک کہ تم اُنکے عمل پر نہ آجاؤ ٗ ٗ ۔مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عصر حاضر میں مسلمان جس طرح مسائل کا شکار ہیں اس کی اہم وجہ دین سے دوری اور سنتوں کا ترک کرنا ہے ، نوجوان نسل اس خوش فہمی میں زندگی گذار رہی ہے کہ ہماری بخشش ہوجائے گی لیکن یاد رکھئے جب قبر میں اور حشر میں سوال جواب ہوگا اور نامہ اعمال پیش کیاجائیگا تو اس وقت کا حال کیسا ہوگا کبھی اس بارے میں سونچئے ۔ والدین و سرپرست حضرات کی ذمہ داری ہے کہ اپنی نسلوں کو اللہ اسکے رسول ﷺ سے محبت کرنے والا ، قرآن کی تلاوت کرنا والا بنائیں اور اپنی نسلوں کو مغربی تہذیب کے اثرات سے بچاکر ان کو دین کا سچا داعی بنائیں۔محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی مسلسل 29سال سے قرآن کے آفاقی پیغام کو پہونچانے میں لگی ہوئی ہے الحمد للہ کمیٹی قرآن پاک کے پیغام ’’ تم وہ قوم ہو جو نیکی کی دعوت دینے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہو ٗ ٗ پر مکمل عمل پیرا ہے ۔اسی مقصد کے تحت کمیٹی مسلم معاشرہ سے برائیوں اور بدکاریوں کا خاتمہ ، نوجوان نسل کو مغربی تہذیب سے بچاکر صالح ودیندار معاشرہ کی تشکیل ، بالخصوص مسلک حق اہلسنت والجماعت کی ترویج و اشاعت میں ہمہ تن مصروف ہے نیز نوجوان نسل کو بے حیائی وبدکاری کے عذابات سے آگاہ کرتے ہوئے اُنکی اصلاح کیلئے ہزاروں کی تعداد میں پامفلٹس و دیگر اشتہارات کے علاوہ سوشیل میڈیا جیسے Whatssap, Instagram ، facebook ، Youtubeپر عالم اسلام کے عظیم اکابر علماء کرام کے اصلاحی تقاریر و اسلامی پوسٹس کے ذریعہ اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔کمیٹی کی انقلابی تحریکیں ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘ ‘ اور ’’ تحریک ِ حجاب ‘‘ کل ہند سطح پر جاری ہیں ۔ رحمت عالم کمیٹی اپنی سابقہ کانفرسیس اور جلسوں میں فرزندان توحید کے اژدھام کو یکھتے ہوئے انشاء اللہ لیلۃ القدر کانفرنس منعقدہ 27/مارچ 2025ء بروزجمعرات بعد نمازِ تراویح چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر سامعین کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کر رہی ہے ۔ اس کانفرنس میں اتر پردیش ، بہار ، مغربی بنگال ، بریلی شریف ، کچھوچھہ شریف اور کانپور کے اکابر و جید علماء کرام کی خصوصی آمد متوقع ہے عنقریب ناموں کا اعلان کیا جائیگا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) ، سید اعزاز محمد قادری ، عادل اشرفی ، سید لئیق قادری ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، اِعزان شریف ، محمد رحیم قادری ، محمد حنیف قادری ، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی ، محمد فیضان ، محمد فیصل خان اور واراکین کی کثیر تعدادا نے شرکت کی ۔ آخر میں دعا ، صلوٰۃ و سلام پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔