
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص پر اس کی بیوی اور خاندان کے افراد نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق جگتیال رورل منڈل کے پولاس میں کملاکر نامی شخص پر اس کی بیوی اور دیگر خاندان کے افراد نے پٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔
بتایا جاتا ہے کہ کملاکر کی پہلے سے ہی دو بیویاں تھیں جو آپس میں حقیقی بہنیں بھی تھیں۔ حال ہی میں اس نے ایک اور خاتون سے شادی کی تھی اور وہ پولاس میں رہ رہا تھا۔ اتوار کی صبح، اس کی پہلی بیوی جمنا اس کے دو بیٹے چرنجیوی اور رنجیت، بیٹی سریشا اور داماد شوبھن بابو نے کملاکر سے جائیداد کے معاملے پر جھگڑا کیا۔
جھگڑے کے دوران ان لوگوں نے کملاکر پر چاقو سے حملہ کیا اور اس کے بعد اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ شدید زخمی حالت میں کملاکر کو فوری طور پر جگتیال سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا،
جہاں علاج کے دوران وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔