
مارچ ۱۳ (اردو لیکس بیورو )گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر بنڈلا گوڑا حیدرآباد میں اسٹیٹ ٹیچرز یونین ضلع حیدرآباد کے معزز رکن عالی جناب محمد عبدالرشید صاحب کی جانب سے آج جماعت دہم کے تمام طلبہ و طالبات میں امتحانی اشیاء کی مفت تقسیم عمل میں آئی، اس موقع پر طلبہ و طالبات میں پیڈ ،پن ،پینسل ،کلرز ، پاؤچ اور دیگر ضروری اشیاء تمام طلبہ کے حوالے کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مدرس شاہد علی حسرت نے جناب محمد عبدالرشید صاحب کا اسکول اور طلبہ کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تعلیم سے مراد طلبہ کی پوشیدہ جبلی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے اور صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ایک ماحول کی ضرورت ہوتی ہے وہ ماحول ہمارا سکول ہے وہ ماحول ہمارا کمرہ جماعت ہے اور جو سیکھی ہوئی معلومات ہیں انہیں جوابی پرچے پر، منتقل کرنے کے لیے مندرجہ بالا اشیاء بے حد اہمیت کی حامل ہوتی ہیں، ایک چیز کی کمی بہت سارے نشانات کی کمی کا باعث بن سکتی ہے ، لہذا دیے گئے امتحانی مواد کا بہتر استعمال کرتے ہوئے بہتر نشانات کے حصول کو آسان بنائیں۔
اس موقع پر جناب محمد رفیع اور جناب سید خالد نے سالانہ امتحانی شیڈول اور اس کے مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور طلبہ کو اسی کے مطابق منصوبہ بندی کرتے ہوئے وقت کی پابندی کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر اساتذہ محمد عبداللہ مظہر ، محمد عبدل تمیم ، محمد عبدالفرید، عبدالحفیظ ،سید سلیم الدین ، قدسیہ سلطانہ شگفتہ یاسمین ، سمرین فاطمہ میمونہ بیگم، فرحین خاتون نسیم انسا شیخ ،عرفانہ انجم،نرسمہا چاری موجود تھے ۔
دسویں جماعت کے مانیٹرز نے اختتامی کلمات ادا کیے اور اظہار تشکر کیا۔