6 ریاستوں میں 85 لاکھ بچوں کا مستقبل داؤ پر: راہول گاندھی

نئی دہلی(پی ٹی آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے جمعرات کے روز کہا کہ امتحانی پرچہ سوالات کا افشاء‘ نظام کی ناکامی ہے اور زور دے کر کہا کہ اس سنگین مسئلہ کا خاتمہ اس وقت ہوگا جب تمام سیاسی جماعتیں اور حکومتیں اپنی سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل جل کر سخت اقدامات کریں گی۔

سابق کانگریس صدر نے کہا کہ 6 ریاستوں میں 85 لاکھ بچوں کا مستقبل داؤ پر ہے کیونکہ پرچہ ئ سوالات کا افشاء ہمارے نوجوانوں کے لئے انتہائی خطرناک ”پدم ویوہ“بن چکا ہے۔

انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ پرچہ سوالات کے افشاء سے طلبا اور ان کے خاندان غیریقینی کیفیت اور ذہنی دباؤ میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور ان کی سخت محنت کا پھل نہیں ملتا۔ اس کی وجہ سے آنے والی نسلوں کو غلط پیام بھی ملتا ہے کہ بے ایمانی سخت محنت سے بہتر ہے۔

یہ چیز مکمل طورپر ناقابل ِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ پرچہ سوالات کے افشاء نے ملک کو دہلادیا تھا جس کو ایک سال کا عرصہ بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ ہمارے احتجاج کے بعد مودی حکومت ایک نئے قانون کے پیچھے چھپ گئی اور اسے حل قراردے دیا تاہم حالیہ عرصہ میں کئی مرتبہ پرچہ سوالات کے افشاء نے یہ ثابت کردیا کہ یہ حل بھی ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنگین مسئلہ نظام کی ناکامی ہے۔ اس کا خاتمہ اسی وقت ہوگا جب تمام سیاسی جماعتیں اور حکومتیں اپنے اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے مل جل کر سخت اقدامات کریں۔لوک سبھا میں قائد اپوزیشن نے کہا کہ امتحانات کا وقار ہمارے بچوں کا حق ہے اور ہر قیمت پر اس کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔

قبل ازیں راہول گاندھی نے کہا تھا کہ چکرویوہ کو پدم ویوہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ کمل کے پھول(بی جے پی کے انتخابی نشان) سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *