
تلنگانہ حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لئے 6ہزار کروڑ سے راجیویوواوکاس اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے مقصد کے تحت کانگریس حکومت بے روزگار نوجوانوں کے لئے ایک نئی اسکیم شروع کررہی ہے
۔ اس اسکیم کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ 6ہزار کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی جس کے تحت مذکورہ تمام طبقات کے تقریباً 5 لاکھ نوجوانوں کو فی کس 3 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی تاکہ یہ نوجوان خود روزگار اسکیم شروع کرسکیں۔
حکومت نے نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کی اس اسکیم کا نام راجیویووا وکاس رکھا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ یہ اسکیم 15 مارچ سے شروع ہوگی جس کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ بے روزگار نوجوانوں سے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ 5 اپریل تک درخواستیں مختلف کارپوریشنوں کے ذریعہ حاصل کی جائیں گی
اور ان درخواستوں کی جانچ کے بعد اہل نوجوانوں کا انتخاب کرتے ہوئے 2 جون کو ریاست کی یوم تاسیس تقریب کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں منتخب امیدواروں کو منظوری کے مکتوب حوالے کئے جائیں گے