
ایڈن گارڈن کنگ کو ٹھی حیدرآباد پر آئیٹڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈیسیبلڈ(آئی آئی سی ڈی) کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ جناب عامر علی خان ریاستی قانون ساز کونسل کے رکن ومدیر روزنامہ سیاست وسیاست ٹی وی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ واضح رہے کہ آئیٹڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، آئی آئی سی ڈی، اعظم پورہ،جماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدر آبادکی جانب سے معذور طلباء وطالبات کے لئے سال 2006 میں قائم کیا گیا ادارہ ہے۔ جس کا مقصد قوت سماعت و قوت گویائی اور بینائی سے محروم بچوں کے علاوہ ذہنی طور پر معذور بچوں کو دینی و عصری تعلیم سے ہم آہنگ کرنا اور انھیں بھی سماج میں برابر کا مقام دلانا ہے۔ یہ ادارہ ملت کے ایسے بچوں کو جو جسمانی اورذہنی طور پر معذور ہیں انھیں دینی و دنیوی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ جس میں کمپیوٹر اور دیگر فنی تربیت بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان بچوں کی ہر طرح سے کونسلنگ اور تربیت کی جاتی ہے۔ دینی تعلیم و اخلاقی تعلیم کے ساتھ قرآن مجید بھی ان کی زبان میں پڑھایا جاتا ہے۔ ایڈن گارڈن کنگ کو ٹھی حیدرآباد پر ان طالبا وطالبات کے لئے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیاتھا۔ جناب عامر علی خان نے اپنے خطا ب میں ادارہ کی کارکردگی اور طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ پرمسرت و خوشی کا اظہار کیا۔امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندتلنگانہ ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفرنے اس موقع پرصدارتی خطاب کیا۔ طلبہ و طالبات نے غیر معمولی دلوں کو چھو لینے والا مظاہرہ پیش کیا۔شیعہ عالم دین مولانا تقی رضا عابدی، سابق امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان،،ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم ترحیدر آبادڈاکٹر محمد مبشر احمد،سکریٹری آئی آئی سی ڈی،جناب ایس ایم نوید الرحمان ودیگر معزز مہمانوں کے علاوہ آئیٹڈئیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ، اعظم پورہ کے ذمہ داران،اساتذہ،طلبہ اور اولیاء طلبہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔