
حیدرآباد (پی ٹی آئی) ضلع نلگنڈہ کی ایک عدالت نے 2018میں غیرت کے نام پر ایک دلت شخص کے قتل کے جرم میں ایک ملزم کو سزائے موت سنائی ہے۔ عدالت نے سبھاش کمار شرما کو موت کی سزا سنائی جبکہ دیگر 6 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے پیر کے روز پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ 23 سالہ پرانئے کمار جنہوں نے ضلع نلگنڈہ میں ایک اعلیٰ ذات کی لڑکی کے ساتھ شادی کی تھی، کو ستمبر 2018ء میں ہلاک کردیا گیا جس کے بعد اس واقعہ نے ریاست مین زبردست غم و غصہ کی لہر پیدا کردی تھی۔
استغاثہ کے مطابق 18 ستمبر 2018ء کو 8 افراد جن میں لڑکی (خاتون) کے والد ماروتی راؤ اور ان کے انکل شامل تھے، گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بعد میں یہ کنٹراکٹ کلنگ کا معاملہ نکلا۔ بتایا جاتا ہے کہ کرائے کے قاتلوں کو ایک کروڑ روپے کی سپاری دی گئی۔
گرفتار شدگان میں وہ دو افراد بھی شامل ہیں جنہیں گجرات کے سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کے قتل کیس میں بری کردیا گیا تھا۔ خاتون (لڑکی) نے الزام عائد کیا کہ میرے شوہر کے قتل کے پس پردہ میرے والد ماروتی راؤ کا ہاتھ ہے۔
ماروتی راؤ جوپرانئے کمار کے ساتھ اپنی بیٹی کی شادی کے سخت خلاف تھے، نے دیگر ملزمین کے ساتھ اپنے داماد کو ہلاک کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے کرائے کے قاتلوں کو اڈوانسڈ میں 15لاکھ روپے کی رقم بھی ادا کی تھی لیکن ماروتی راؤ نے سال 2020ء میں یہاں ایک لاج میں خودکشی کرلی تھی۔