مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت کو ریاست جموں و کشمیر کا درجہ بحال کرنا ہوگا۔ہندوستان کی حکومت کو وعدہ یاد دلاتے ہوئے فاروق عبداللّٰہ نے کہا کہ حکومتِ ہندوستان کو اپنے اس وعدے کی پابندی کرنا ہوگی جو پارلیمنٹ سے کیا گیا تھا، جب وہ خود اس کے ممبر تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا خوف زدہ ہے، اس لیے اب سچ نہیں بول سکتا، لیکن جب ضرورت پڑتی ہے تو رابطہ کرتے ہیں ، ہندوستانی محکمہ انٹیلی جنس ہر وقت ہندوستان کے میڈیا پر نظریں لگائے رکھتا ہے اور وہ میڈیا کو بتاتا ہے کہ کیا دکھانا ہے اور کیا نہیں دکھانا۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر دیا تھا جس کے بعد سے اس علاقے میں ریاست کا درجہ بحال کرانے کی کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔