
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ غزہ پر قبضہ کر لے گا، جس کے خلاف فلسطین کے حامیوں نے اسکاٹ لینڈ کے ساؤتھ آئیرشائر میں واقع ٹرمپ گولف ریزورٹ پر حملہ کر دیا۔
مظاہرین نے ریزورٹ میں موجود سامان کو نقصان پہنچایا اور گولف کورس کی دیواروں پر سرخ رنگ سے “فری غزہ” اور “فری فلسطین” کے نعرے لکھ دیے۔ اس کے علاوہ، گالف کورس کے احاطے میں “غزہ برائے فروخت نہیں” بھی تحریر کیا گیا۔
اس حملے کی ذمہ داری “فلسطین ایکشن” نامی تنظیم نے قبول کی ہے۔ تنظیم نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ میں کہا کہ “ٹرمپ غزہ کو اپنی جائیداد بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ ان کی اپنی جائیداد بھی محفوظ نہیں ہے۔”
رپورٹس کے مطابق، مظاہرین نے گولف کورس کے کچھ مشہور گرین ایریاز کو بھی نقصان پہنچایا۔ اسکاٹ لینڈ پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔