سنبھل میں مساجد سے لاؤڈاسپیکرس نکالنے کی مہم۔ مساجد کی چھت سے اذاں اور سحری کے اوقات کااعلان (ویڈیو)

سنبھل: مذہبی مقامات سے لاؤڈاسپیکرس نکالنے ریاست گیر مہم کے دوران سنبھل کی مساجد نے مقدس ماہ رمضان کے دوران اذان اور سحری کے اوقات کا اعلان کرنے ایک نیا طریقہ ڈھونڈ نکالاہے۔

لاوڈاسپیکر نکالنے حکومت کے احکام کے بعد مسجد ذمہ داروں نے چھت سے اذاں دینے اور سحری و افطار کے وقت کا اعلان کرنے کاطریقہ اختیار کیا۔ سنبھل میں شاہی جامع مسجد سے متعلق تنازعہ کے بعد یہ قدم اٹھایاگیاہے لیکن اس مرتبہ ریاست بھر میں لاوڈاسپیکرس نکالنے کی وسیع تر مہم کا مسئلہ درپیش ہے۔

سنبھل کی بیشتر مساجد نے احکام کی تعمیل کی ہے اور لاوڈ اسپیکرس نکال دیئے ہیں۔ مقامی آئمہ اکرام اور موذنین نے مساجد کی چھت سے نماز‘ سحری و افطار کے اوقات کااعلان کرنا شروع کردیاہے۔ علاوہ ازیں سحری کے لیے لوگوں کو اٹھانے مسلم اکثریتی علاقوں میں ڈھول بجاکر اوقات کااعلان کیاجارہا ہے۔

اس اقدام سے مسلمانوں کو رمضان میں سحر و افطار کے اوقات سے واقف کرایا جارہاہے۔ مفتی مولانا نوری رضا نے جو سنبھل کی ممتاز مذہبی شخصیت ہیں‘حکومت کے فیصلہ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت اترپردیش کے احکام کی تعمیل کررہے ہیں اور لاوڈاسپیکر نکالنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

ماہ رمضان میں مساجد کی چھتوں سے سحری کے وقت کااعلان کیا جارہاہے اور اذاں دی جارہی ہے۔ درحقیقت کئی مساجد رضاکارانہ طور پر لاؤڈاسپیکرس پولیس کے حوالے کررہے ہیں۔ بہر حال بعض مقامی مسلمانوں نے اس تبدیلی پر ملے جلے رد عمل کااظہار کیاہے۔

سنبھل کے ساکن احمد خان نے کہاکہ اس کی وجہ سے ہمیں تھوڑی سے تکلیف ہورہی ہے۔ بزرگ افراد جو سحری کا وقت سننے لاؤڈاسپیکرس پر انحصار کیا کرتے تھے‘ انہیں دشواری پیش آرہی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حکومت کی مہم کا حصہ ہے اور اس کے مطابق ہم ایڈجسٹ کرلیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *