خواتین کو ایک قتل کی رعایت دی جائے، روہنی کھڈسے کا مطالبہ

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کی خواتین وِنگ کی صدر روہنی کھڈسے نے صدر دروپدی مرمو کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواتین کو اپنے خلاف ہونے والے مظالم کے پیش نظر ایک قتل کی سزا سے استثنیٰ دیا جائے۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر لکھے گئے اس خط میں روہنی کھڈسے نے کہا کہ خواتین معاشرہ میں پھیلی جابرانہ ذہنیت‘ عصمت ریزی کرنے والوں کی سوچ اور غیر مؤثر امن و امان کی صورتِ حال کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے ممبئی میں ایک 12 سالہ بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے حالیہ واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم مسلسل بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔خط میں مزید کہا گیا کہہم، تمام خواتین کی جانب سے ایک قتل کے لیے سزا سے استثنیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کے اس بیان کو ریاست میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتِ حال پر حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔روہنی کھڈسے نے اپنے مطالبہ کے حق میں ایک سروے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خواتین کے لیے سب سے زیادہ غیر محفوظ ممالک میں شامل ہے جہاں اغوا‘ گھریلو تشدد اور دیگر جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور اسے منظور کرے گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *