بھوپال میں نوجوان کا بہیمانہ قتل، گھر والوں کا پولیس اسٹیشن پر احتجاج

 

بھوپال کے گاندھی نگر علاقے میں پیر کی رات 22 سالہ نوجوان عدنان خان کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کے گھر والوں نے تین ملزمین – راج سولنکی، لکی سولنکی اور شبھم سولنکی – پر قتل کا الزام لگایا ہے، جو آپس میں رشتہ دار ہیں۔ ان کی گرفتاری کے مطالبے پر گھر والوں اور مقامی لوگوں نے پولیس اسٹیشن کے باہر شدید احتجاج کیا۔

 

پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر ایک لڑکی سے جڑے تنازع کا نتیجہ تھا۔

 

مقتول کے رشتہ دار محبوب خان کے مطابق، عدنان ایک ٹو وہیلر مکینک تھا۔ وہ اپنے بھائی کے ساتھ علاقے کی مسجد میں نماز پڑھنے گیا تھا۔ نماز کے بعد جب عدنان باہر نکلا تو ملزمین نے اسے گھیر لیا۔ پہلے اسے لاتوں اور گھونسوں سے بری طرح پیٹا، پھر راج سولنکی نے چاقو اس کے پیٹ میں گھونپ دیا۔

 

عدنان کے والد کی چیخ و پکار سن کر اہل محلہ باہر آئے اور اسے اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ عدنان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گھر کے دوسرے نمبر کا بیٹا تھا۔ اس کا ایک بڑا بھائی فیضان اور ایک چھوٹا بھائی سبحان ہے، جبکہ بہن کی شادی ہو چکی ہے۔

 

ایڈیشنل ڈی سی پی ملکیت سنگھ نے بتایا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ جلد ہی معاملے کا باضابطہ انکشاف کیا جائے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *