
حیدرآباد ۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے امتحانات کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں جو 5 مارچ سے شروع ہوں گے اور 25 مارچ تک جاری رہیں گے۔ امتحانات کا وقت صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوگا۔
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحانی مرکز 8:45 بجے تک پہنچ جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ اس بار 5 منٹ کی تاخیر پر بھی امتحانی مرکز میں طلباء کو داخلہ کی اجازت رہے گی تاہم حکام نے کہا ہے کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اس سے پہلے ہی مرکز پہنچ جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں۔
پچھلے سال کی طرح اس سال بھی طلبہ کو الیکٹرانک اشیاء جیسے موبائل فون اور اسمارٹ واچیس امتحانی مراکز میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اس بار ہال ٹکٹس پر امتحانی مرکز کا مقام ایک کیو آر کوڈ کے ذریعے دیا گیا ہے جس سے طلبہ کو مرکز کا پتہ لگانے میں آسانی ہوگی۔ طلبہ کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحان
سے ایک دن قبل ہی امتحانی مرکز کا معائنہ کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا وقت کی کمی کا سامنا نہ ہو۔ یہ تمام اقدامات امتحانات کے دوران طلبہ کو بہتر سہولت اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔