مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء حافظ حسین احمد نے حکمرانوں نے ملک کو امریکہ کے حوالے کر دیا ہے۔ سانحہ جامعہ حقانیہ کی ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومت سمیت ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں دھماکے اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامدالحق حقانی و دیگر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مسلسل دینی قیادت اور مدارس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مولانا حامدالحق کی شہادت بڑا سانحہ ہے۔ دین و اسلام اور ملک کے لئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جامعہ حقانیہ پر حملہ ملک کے تمام مدارس پر حملہ تصور کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو امریکہ کے حوالے کر دیا ہے اور حکمران صرف اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک خصوصاً کے پی کے اور بلوچستان آگ میں جل رہا ہے۔ حکمران اور ریاستی ادارے امن و امان بحال کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ جامعہ حقانیہ کی ذمہ داری وفاقی و صوبائی حکومت سمیت ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور سانحہ اکوڑہ خٹک میں ملوث دہشت گردوں کو ظاہر کیا جائے۔