
آگرہ: بیوی کے مبینہ ظلم و ستم سے تنگ آکر ایک اور شوہر نے اپنی جان لے لی۔ بنگلورو میں اتل سُبھاش کی خودکشی کا معاملہ ابھی ذہنوں سے ہٹا ہی نہیں تھا کہ اب آگرا میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے۔
ڈِفینس کالونی، تھانہ صدر، آگرہ کے رہائشی مانو شرما نے 24 فروری کی رات پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ وہ TCS کمپنی میں ریکروٹمنٹ منیجر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ شادی کے بعد سے ہی ان کی بیوی نکیتا سے جھگڑے چل رہے تھے، جو اس حد تک بڑھ گئے کہ مانو نے خودکشی کر لی۔
خودکشی سے قبل مانو شرما نے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا، جس میں انہوں نے اپنی بیوی نکیتا کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا اور ان پر سنگین الزامات عائد کیے۔
پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے پھانسی لگا لی ہے، جسے فوری طور پر آرمی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی طور پر پولیس کو کوئی تحریری شکایت نہیں ملی، لیکن دو دن بعد مانو شرما کی بہن نے ان کے فون کا لاک کھولا تو اس میں ایک ویڈیو ملا، جس میں وہ روتے ہوئے اپنی بیوی پر سنگین الزامات لگا رہے تھے۔
خودکشی کے دو دن بعد مانو کی بیوی نکیتا نے بھی ایک ویڈیو جاری کرکے الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کا شوہر نشہ کی حالت میں اسے مارتا تھا اور خودکشی کے وقت وہ اپنے میکے میں تھی۔
پولیس نے متوفی کے افراد خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر اتل سُبھاش کیس کی یاد تازہ کر دی ہے، جس میں شوہر نے بیوی کے مبینہ ظلم سے تنگ آکر جان دی تھی۔