ٹمریز اسکول – 2 بوائز نظام آباد میں انتظامیہ کی غفلت و لاپرواہی کے باعث کئی
زیر تعلیم طلباء وبائی و جلدی امراض کا شکار.
والدین کی شکایت پر کانگریس پارٹی اقلیتی قائدین کا دورہ. بروقت علاج کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا گیا
نظام آباد. 26/فروری (اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر نظام آباد میں واقع ٹمریز ( 2) بوائز اسکول میں اسکول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کے باعث اس تعلیمی ادارے کے کئی طلباء وبائی و جلدی امراض میں مبتلا ہونے پر والدین و سرپرستوں کی شکایت پر سینئر قائد کانگریس و سابقہ ڈپٹی میئر ایم اے فہیم کے ہمراہ کانگریس پارٹی قائدین کا ایک وفد کل رات ٹمریز اسکول – 2 بوائز کا دورہ کیا
اور زیر تعلیم متاثرہ طلباء سے بات کرتے ہوئے انھیں لاحق جلدی امراض کا مشاہدہ کیا. بعد ازاں ڈپٹی میئر ایم اے فہیم نے نظام آباد ٹمریز اسکولس انچارج ( آر ایل ایس) محمد بشیر احمد سے بذریعہ فون بات کرتے ہوئے متعلقہ تعلیمی ادارے میں اسکول انتظامیہ کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں کو لاحق جلدی امراض پر اپنی شدید برہمی کا کیا اظہار.
علاوہ ازیں اقلیتی کانگریس پارٹی قائدین نے ٹمریز اسکول بوائز _2 میں اسکول انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کو تلنگانہ حکومتی مشیر محمد علی شبیر کے علم میں لایا. تلنگانہ حکومتی مشیر محمد علی شبیر کی ہدایت اور کانگریس پارٹی اقلیتی قائدین کے بروقت دورہ اور موثر نمائندگی کے بعد آج ضلع کلکٹر نظام آباد راجیو گاندھی ہنمنتو نے فوراً اپنے احکامات کے ذریعے ارسہ پلی اربن ہلت سنٹر کے ڈاکٹرز کی ٹیم کو ٹمریز – 2 بوائز روانہ کروایا جہاں جلدی امراض کا شکار بچوں کا ہنگامی خطوط پر علاج شروع کردیا گیا ہے.
کانگریس پارٹی قائدین نے اس واقعہ پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کانگریس حکومت کی جانب سے تعلیمی فروغ اور اقلیتوں کی ترقی و خوش حالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں اور ریاست بھر میں ٹمریز اسکولس کے ذریعے اقلیتی طلباء و طالبات کو اعلی و معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت بخش غذا اور رہائش کا بہتر نظم فراہم کیا جارہا ہے.
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں اور ٹمریز جیسے تعلیمی اداروں میں طلباء کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا.
اس موقع پر شہر کے سینئر کانگریس پارٹی اقلیتی قائدین ڈپٹی میئر ایم اے فہیم. سابقہ کواپشن ممبر اشفاق احمد خان پاپا. سابقہ کارپوریٹرس کانگریس ایم اے قدوس, محمد مجاہد خان, محمد مصباح الدین, خواجہ صفدر علی موظف انجنئیر ،محمد ضیاء احمد و زیر تعلیم متاثرہ طلباء کے والدین و سرپرست بھی موجود تھے.