کوتوالی دیہات تھانہ علاقہ کے بھوپیا مٔو چوکی علاقے میں پریاگ راج-ایودھیا شاہراہ ببورہا موڑ کے قریب رات تقریباً دو بجے یہ حادثہ ہوا۔ کار سوار سبھی عقیدت مند مہا کمبھ سے ڈبکی لگا کر لوٹ رہے تھے.


سڑک حادثہ / یو این آئی
اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع میں پریاگ راج-ایودھیا ہائی وے پر شدید سڑک حادثہ پیش آیا۔ بدھ کو ایک تیز رفتار بے قابو کار ایک گھر میں گھس گئی۔ اس حادثے میں 4 نوجوانوں کی موت ہوگئی جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ زخمیوں میں گھر میں سو رہا ایک جوڑا بھی شامل ہے۔ اطلاع کے مطابق کوتوالی دیہات تھانہ علاقہ کے بھوپیا مٔو چوکی علاقے میں پریاگ راج-ایودھیا شاہراہ ببورہا موڑ کے قریب رات تقریباً دو بجے یہ حادثہ ہوا۔ کار سوار سبھی عقیدت مند پریاگ راج مہا کمبھ سے ڈبکی لگا کر لوٹ رہے تھے۔ عقیدت مندوں سے بھری مہندرا ٹی یو وی-300 کار اچانک بے قابو ہوکر ایک مکان میں گھس گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوتوالی دیہات، بھوپیامؤ چوکی، کٹرا چوکی، پرتھوی گنج چوکی، پی آر بی 112 سمیت کثیر تعداد میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پولیس اور دیہی لوگوں کو کار میں سوار عقیدت مندوں کو باہر نکالنے کے لیے سخت مشقت کرنی پڑی۔ آناً فاناً میں سبھی زخمیوں کو ایمبولنس سے ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور حادثے کی اطلاع مہلوکین اور زخمیوں کے اہل خانہ کو دی۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
کار میں 7 لوگ سوار تھے۔ کار میں سوار سبھی لوگ بہار-جھارکھنڈ کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔ مہلوکین کی شناخت راجو سنگھ (25)، ابھیشیک کمار سنگھ (24)، سوربھ (26) اور ڈرائیور ابھیشیک اوجھا (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں روہت کمار سنگھ، آکاش اور روپیش شامل ہیں۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتہی ناتھ نے پرتاپ گڑھ ضلع میں ہوئے اس حادثہ کی نوٹس لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے میں جان گنوانے والے کنبہ کے لوگوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کے افسروں کو زخمیوں کو فوری اسپتال پہنچانے اور بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔